لاہور : رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے۔ مارکیٹ میں منافع خوروں نے حکومتی ریٹ لسٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے سبزیاں اور پھل من چاہے نرخوں پر فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں۔
سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق پیاز کی قیمت 80 روپے فی کلو ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 100 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح ٹماٹر 50 روپے کی بجائے 70 روپے، آلو 55 روپے کی بجائے 70 روپے، لہسن 620 روپے کی بجائے 750 روپے اور ادرک 370 روپے کی بجائے 450 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
سبزیوں میں بند گوبھی اور پھول گوبھی 40 روپے فی کلو، پالک اور ساگ 40 روپے، شلجم 40 روپے، مولی 30 روپے اور گاجر 40 روپے فی کلو کے حساب سے بیچی جا رہی ہیں۔ پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔ سیب 300 سے 400 روپے فی کلو، کیلا 220 سے 350 روپے فی درجن، امرود 250 روپے فی کلو، کنو اور مالٹا 200 سے 400 روپے فی درجن، اور خربوزہ 150 سے 250 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب برائلر گوشت کی قیمت 595 روپے فی کلو اور فارمی انڈوں کی قیمت 286 روپے فی درجن برقرار ہے۔ اس اضافے کے باعث عوام کو رمضان میں روزمرہ کی اشیاء خریدنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔