مصر میں 3000 سال قدیم 'سونے کا گمشدہ شہر' دریافت

12:11 AM, 2 Mar, 2025

قاہرہ: ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے مصر میں 3000 برس سے زمین میں دفن ’سونے کا گمشدہ شہر‘ دریافت کر لیا، جو قدیم مصر کی سنہری تاریخ کا ایک اہم حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم نے مصر کے شہر لُکسر میں بادشاہوں کی وادی کے قریب اس تاریخی مقام کو دریافت کیا، جہاں کبھی سونے کی کان کنی کی جاتی تھی۔ کھدائی کے دوران گھروں، ورکشاپس، عبادت گاہوں، انتظامی عمارتوں اور غسل خانوں کی باقیات بھی ملی ہیں، جو اس شہر کی تاریخی اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق، اس شہر سے رومی دور (30 قبلِ مسیح تا 639 عیسوی) اور اسلامی دور (642 عیسوی تا 1517 عیسوی) کی اشیاء برآمد ہوئی ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایٹن کی سونے کی کان صدیوں تک فعال رہی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت قدیم مصری سلطنت کی معاشی اور ثقافتی ترقی کو سمجھنے میں مدد دے گی، کیونکہ اسی کان سے حاصل ہونے والے سونے کو حکمران اپنے جسم اور مقبروں پر سجاتے تھے۔

ماہرین آثارِ قدیمہ نے اس دریافت کو مصر میں حالیہ برسوں کی سب سے بڑی دریافت قرار دیا ہے اور اس پر مزید تحقیق جاری ہے تاکہ اس قدیم شہر کے تمام راز منظر عام پر آ سکیں۔
 

مزیدخبریں