پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کا لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان آج راولپنڈی میں کھیلے جانے والا17واں میچ خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا۔
وقفے وقفے سے بارش کے باعث پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان ہونے والے میچ کا ٹاس مؤخر کر دیا گیا ہے۔بارش رکنے کے بعد آوٹ فیلڈ سے کور ہٹائے جا رہے ہیں اور گراؤنڈ اسٹاف میدان کو میچ کیلئے تیار کرنے میں مصروف ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے مزید بارش نہ ہونے کی صورت میں لاہور اور پشاور کے درمیان مختصر میچ کے انعقاد کی کوشش کی جائے گی۔
ٹیموں کو اس سے قبل دن 12 بجے اسٹیڈیم پہنچنا تھا تاہم خراب موسم کے پیش نظر ٹیموں کی اسٹیڈیم آمد مؤخر کر دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔
آج دوپہر 2 بجے پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور قلندرز اور شام 7 بجے اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا، دونوں میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
تاہم وقت بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات 100 فیصد ہیں جبکہ رات کو بارش کے 90 فیصد امکانات ہیں۔گزشتہ روز بھی راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش ہوئی تھی۔