کراچی: پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 65 ہزار روپے سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے۔
قیمت میں اضافے کی وجوہات کا ذکر ہوئے پاک سوزوکی ترجمان نے کہا کہ ایک طرف افراطِ زر کی شرح بہت بلند ہے اور دوسری طرف اوور ہیڈ اخراجات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ایسے میں قیمتیں بڑھانا ناگزیر ہوچکا تھا۔
ڈیلرز کو فراہم کی جانے والی نئی قیمتوں کی فہرست کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ کلٹس اے جی ایس کی قیمت میں ایک لاکھ 80 ہزار روپے کیا گیا ہے۔
سوزوکی آلٹو وی ایکس، وی ایکس آر، وی ایکس آر (اے جی ایس)، اور وی ایکس ایل (اے جی ایس) کی قیمت بالترتیب بڑھا کر 23 لاکھ 31 ہزار، 27 لاکھ 7 ہزار، 28 لاکھ 94 ہزار، 30 لاکھ 45 ہزار کردی، یہ کاریں پہلے 22 لاکھ 51 ہزار، 26 لاکھ 12 ہزار، 27 لاکھ 99 ہزار، 29 لاکھ 35 ہزار روپے میں دستیاب تھیں۔
ایک لاکھ 10 ہزار روپے سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے اضافے کے بعد سوزوکی کلٹس وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمت بالترتیب 38 لاکھ 58 ہزار، 42 لاکھ 44 ہزار، 45 لاکھ 46 ہزار روپے کر دی گئی ہے، یہ پہلے 37 لاکھ 18 ہزار، 40 لاکھ 84 ہزار اور 43 لاکھ 66 ہزار روپے میں فروخت کی جاتی تھیں۔
نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ 2024 سے ہوگا۔