کوئٹہ :گزشتہ چند روز سے طوفانی بارشوں کے بعد کوئٹہ سمیت مستونگ اور بلوچستان کے بعض شمالی علاقوں میں برفباری کا سسلہ شروع ہو گیا۔ کان مہترزئی ، مسلم باغ ، زیارت اور کوژک ٹاپ پر بھی برفباری ہوئی ۔برفباری سے سردی کی شدت میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ۔
برفباری کے باعث ہائی ویز پر ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ این ایچ اے کے مطابق شاہراہوں سے برف کو صاف کرنے کے لیے نمک کے چھڑکائو اور مشنری کا استعمال کیا جارہا ہے۔
بلوچستان کے متعدد اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے بلوچستان نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
خاران میں موسلا دھار بارش کے باعث 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا، بارش سے 2 گھر تباہ اور 5 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔گوادر میں موسلا دھار بارش سے 50 گھر مکمل تباہ جبکہ 90 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔بارش سے 15 گھروں کی چار دیواری اور 2 سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ پی ڈی ایم اے کے مطابق کیچ میں موسلا دھار بارش کے باعث 5 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے، 20 کو جزوی طو پر نقصان پہنچا۔اس دوران کیچ میں 2 سڑکیں اور 1 پل بھی سیلابی ریلے کی زد میں آیا، کوئٹہ میں بھی موسلادھار بارش سے 2 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے۔