اسلام آباد: وزارت عظمیٰ کیلئے مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کے امیدوار شہباز شریف اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب کے درمیان انتخاب کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمعہ کے روزمنظور کرلیے گئے تھے۔
اتحادی جماعتوں نے وزارت عظمیٰ کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔کاغذات نامزدگی مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحٰق ڈار، پاکستان پیپلزپارٹی کے خورشید شاہ، مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ، استحکام پاکستان پارٹی کے عون چوہدری اور رہنما (ن) لیگ خواجہ آصف نے جمع کروائے۔
سنی اتحاد کونسل نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے لیے عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔کاغذات سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کے پاس جمع کروائے گئے ہیں۔
وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا شیڈول جاری ہو گیا۔آج 3 مارچ اتوار کو قومی اسمبلی کے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔قومی اسمبلی میں 3 مارچ کو وزیراعظم کے انتخاب کے سوا کوئی اور کارروائی نہیں ہوگی۔
رائے دہی سے قبل اسپیکر امیدواروں کے نام پڑھ کر سنائیں گے۔ایک ہی امیدوار ہونے کی صورت میں اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار وزیراعظم منتخب ہوجائے گا۔دو امیدوار ہونے کے صورت میں رائے دہی کرائی جائے گی۔اگر کوئی امیدوار اکثریت حاصل نہ کر سکا تو دوبارہ رائے شماری ہو گی۔
رائے دہی سے قبل پانچ منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجائی جائیں گی ۔گھنٹیاں بجانے کے بعد قومی اسمبلی ایوان کے دروازے مقفل کر دیے جائیں گے۔رائے شماری کے عمل کے بعد سیکرٹری تقسیمی فہرست جمع کروائے گا۔ ووٹنگ کے اختتام پر سپیکر نتائج کا اعلان کرے گا۔