نادرا کا انقلابی قدم ، شہریوں کی ذاتی معلو مات کے تحفظ کیلئے نئی سروس متعارف کروادی

06:07 PM, 2 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی ذاتی معلومات کا  تحفظ یقینی بنانے کیلئے  نئی سروس ’اجازت آپ کی‘ متعارف کرا دی۔

نئی سروس کے اجراء کے موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا  تھا  کہ  ’اجازت آپ کی‘  نامی اس نئی سروس سے  شناختی کارڈ کی تصدیق اب متعلقہ شہری کی رضامندی کے بعد کی جائے گی ،مصنوعات یا خدمات فراہم کرنے والے ادارے  کسی بھی شہری کی ذاتی معلومات  حاصل  کرنے سے پہلے  اس کے موبائل نمبر پر بیجھے گئے پاس کوڈ لے کر رضامندی حاصل کر یں گے۔

 ان کا مزید  کہنا تھا کہ ڈیٹا کو کنٹرول کرنے کا یہ محفوظ ترین نظام شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے نادرا کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس کی بدولت نادرا اب شناختی معلومات کے تحفظ کے روایتی طریقوں سے ڈیجیٹل رضامندی پر مبنی جدید ترین نظام کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ آپ کا ڈیٹا آپ کی ذاتی جائیداد کی مانند ہے اور اب آپ اس تک رسائی کی اجازت دینے یا نہ دینے کے معاملے میں مکمل طور پر خودمختار ہیں اور اسے غلط استعمال سے روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ مارچ سے شناختی معلومات کی تصدیق کیلئے ایک 6 ہند سوں پر مبنی پاس کوڈ متعلقہ شہری کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر بھجوایا جائے گا اور معلومات کی فراہمی کے لیے اس کی رضامندی حاصل کی جائے گی۔ 

 ان کا کہنا تھا کہ جن شہریوں کے موبائل نمبر نادرا کے پاس رجسٹرڈ نہیں، ان کے اندراج کے لیے نادرا نے ایک ایس ایم ایس سروس 8009 شروع کی ہے۔ شہری اپنے موبائل نمبر کی رجسٹریشن کے لیے اپنا 13 ہندسوں کا شناختی کارڈ نمبر   8009 پر ٹیکسٹ میسج کے ذریعے بھجوا سکتے ہیں، جواب میں اندراج مکمل ہونے پر انہیں نادرا کی جانب سے تصدیقی پیغام موصول ہو گا۔

چیئرمین نادرا نے شہریوں سے اپیل کی ہے  کہ وہ اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے چوکس رہیں اور اپنی شناخت کی چوری اور دھوکا دہی کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق  شہریوں کی ذاتی معلومات کے یقینی تحفظ  کیلئے نادراکی جانب سے یہ ایک انقلابی قدم ہے، جس سے  ذاتی معلومات دینے یا نہ دینے کا مکمل اختیار اب شہریوں کے اپنے ہاتھ میں ہو گا۔

مزیدخبریں