اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب کے انتخابات سے متعلق کل صدر کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب کے انتخابات کے شیڈول کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کل انتخابی شیڈول تیار کر کے صدر مملکت کو بھجوائے گا ۔ صدر مملکت کو الیکشن کی مجوزہ تاریخ بھی بھجوائی جائے گی ۔
قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا ۔ الیکشن کمیشن کی آئندہ کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔الیکشن کمیشن نے صدر، گورنر اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے من و عن عمل کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن اجلاس میں دونوں صوبوں کی مجوزہ تاریخوں پر مشاورت ہوئی۔ انتخابی شیڈول 54 دن کا رکھنے پر اتفاق ہوا۔
انتخابی تاریخوں کی تجویز میں رمضان اور عید کو مدنظر رکھا جائے گا ۔انتخابی تاریخوں پر سٹیک ہولڈرز سے حتمی مشاورت ہوگی ۔صدر اور گورنر نے مشاوررت کی تو الیکشن کمیشن شریک ہوگا ۔