اسلام آباد: سینئر صحافی حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری میں سب سے بڑی رکاوٹ نواز شریف ہیں۔ نواز شریف چا ہتے ہیں عمران خان اور کچھ اداروں کی محاذ آرائی اور آگے بڑھے۔
انہوں نے اپنے کالم میں لکھا ہے کہ یہ کوئی راز نہیں کہ شہباز شریف کو لندن (نواز شریف) سے حکم آئے گا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف مزاحمت کی جائے ۔ نواز شریف کے خیال میں پہلے عمران خان کو نااہل قرار دیا جائے پھر الیکشن کرائے جائیں ۔یہ مزاحمت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو ایک نئے امتحان سے دوچار کریگی۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی نئی درخواستیں دائر ہوں گی اور پھر یہ بحث ہو گی کہ ہماری عدلیہ یوسف رضا گیلانی، دانیال عزیز، طلال چودھری اور سینیٹر نہال ہاشمی کے خلاف تو توہین عدالت کی کارروائی کرتی ہے لیکن عمران خان کے معاملے پر اس کا رویہ ’’بہارو پھول برسائو میرا محبو ب آیا ہے‘‘ والا کیوں ہو جاتاہے ؟
صورتحال بہت زیادہ گمبھیر ہے اس صورتحال میں سپریم کورٹ نے نوے دن کے اندر الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے پانچ میں سے تین ججوں نے نوے دن کے اندر الیکشن کے حق میں فیصلہ دیا ہے دو ججوں نے فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔ اس فیصلے نے بھی ججوں کی تقسیم کو مزید ابھارا ہے ۔