اسلام آباد :قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی عمر ایک معمہ ہی بن گئی کیونکہ ویکیپیڈیا اور ان کی سوانح عمری میں پیدائش کا سال مختلف ہے۔پاکستان کے سابق کپتان کی تاریخ پیدائش نے اپنے پورے کیریئر میں بہت سے تنازعات پیدا کیے۔
تفصیلات کے مطابق ویکی پیڈیا پر نظر دوڑائیں تو شاہد آفریدی کی تاریخ پیدائش یکم مارچ 1980 درج ہے، جس کے مطابق وہ اب 42 سال کے ہیں۔اگر پیدائش کے سال کے حوالے سے بات کی جائے تو شاہد آفریدی نے اپنی سوانح عمری گیم چینجر میں انکشاف کیا تھا کہ وہ 1975 میں پیدا ہوئے ہیں تاہم آفریدی نے پیدائش کی تاریخ اور مہینہ بتانے سے گریز کیا ہے۔
اگر شاہد آفریدی کی پیدائش کا سال 1975 ہے تو اس وقت ان کی عمر 47 برس ہے تاہم یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ برس انہوں نے سالگرہ کے موقع پر ہی اپنی عمر 44 برس بتائی تھی۔اپنی عمر کے حوالے سے ایک انٹرویو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ جب ٹیم میں سلیکشن کے لیے مجھ سے میری عمر پوچھی گئی تھی تو مجھے کچھ نہیں پتا تھا ، ایسے میں ساتھ کھڑے ایک لڑکے نے انہیں ایک سال بتایا جو انہوں نے بھی آگے سلیکٹرز کو بتادیا۔
لیجنڈ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ اب بھی اگر مجھ سے کوئی میری عمر پوچھتا ہے تو میں اصل عمر ہی بتاتا ہوں۔ویکیپیڈیا پر درج شاہد آفریدی کی تاریخ پیدائش کی مناسبت سے گزشتہ روز انہیں موجودہ و سابق کرکٹرز نے سالگرہ کی مبارکباد دی تاہم ایسے میں شعیب اختر نے یہ بھی کہہ دیا کہ اب تو اصل عمر بتادو، جواب میں شاہد آفریدی نے عمر بتانے کے بجائے کہا کہ وقت تو بھاگ رہا ہے بھائی۔