اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات پر مذاکرات کیلئے آنے والے بھارتی وفد نے پاکستان کو اپنے متنازعہ منصوبوں کے دورے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان انڈس واٹر کمشنرز کی سطح پر آبی مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے جس دوران پاکستان نے بھارت کی آبی جارحیت پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ سیلاب سے انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے، اس نقصان کا ذمہ دار کون ہو گا جبکہ چناب پر بننے والے متنازعہ منصوبے کیرو پر بھی اعتراضات ہیں۔
وزارت آبی وسائل کے حکام نے کہا کہ دریائے چناب پر کیرو پن بجلی منصوبہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، اور اس کے علاوہ پاکستان کو دریائے سندھ پر نیموں چلنگ ڈیم اور دریائے پونچھ پر مانڈی ڈیم کی تعمیر پر بھی اعتراض ہے۔ پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات پر بھارتی وفد نے پاکستان کو بھارت میں متنازعہ منصوبوں کے دورے کی یقین دہانی کروائی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ اور بھارت کی جانب سے مذاکرات کی قیادت انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا کر رہے ہیں۔
آبی مذاکرات، بھارت کی پاکستان کو متنازعہ منصوبوں کے دورے کی یقین دہانی
02:24 PM, 2 Mar, 2022