امریکی فنکار جوڑے کو چھٹے بچے کی پوسٹ شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا

10:16 PM, 2 Mar, 2021

واشنگٹن،امریکی اداکار ، مصنف، پروڈیوسر اور کامیڈین الیگزینڈر رائے بالڈون اور ان کی اہلیہ ہیلاریا بالڈون کو انسٹاگرام پر چھٹے بچے کی پیدائش کی پوسٹ ڈالنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

گزشتہ دنوں امریکی مصنفہ اور یوگا انسٹرکٹر ہیلاریا بالڈون نے انسٹاگرام پر اپنی فیملی کی تصویر شیئر کی اور اس کے کیپشن میں ’7‘ کا ہندسہ لکھا جس کا مطلب ممکنہ طور پر ان کے چھ بچے اور ساتویں وہ خود تھیں۔

ہیلاریا کو معلوم تھا کہ ان کی اس پوسٹ پر لوگ نامناسب تبصرے کریں گے لہٰذا انہوں نے کمنٹس کو بند کردیا تھا تاہم ان کے شوہر الیگزینڈر بالڈون نے اس پوسٹ کو اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کیا اور کمنٹس کھلے رکھے جس کے بعد لوگوں نے وہی کیا جس کا ڈر تھا۔

مداحوں کی حیرت کی وجہ یہ تھی کہ ہیلاریا نے 6 ماہ قبل ہی ایک بچے کو جنم دیا ہے اور یہ کیسے ممکن ہے کہ چھ ماہ میں انہوں نے دوبارہ بچے کو جنم دے دیا۔

 ایک صارف نے تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’بچے کی ماں کون ہے؟ وہ حاملہ نہیں تھیں، انہوں نے تو چھ ماہ پہلے ہی بچے کو جنم دیا ہے‘۔

اس پر ہیلاریا کے شوہر آگ بگولہ ہوگئے اور صارف کو اپنے کام سے کام رکھنے اور منہ بند رکھنے کا مشورہ دے دیا۔

مذکورہ جوڑے کی جانب سے نومولود کے حوالے سے تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں اور نہ ہی اس کا نام سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ ہیلاریا اور الیگزینڈر بالڈون کی شادی 2012 میں ہوئی تھی اور ان کے پہلے ہی 5 بچے ہیں جن میں 7 سالہ کارمین، 5 سالہ رافیل، 4 سالہ لیونارڈو، 2 سالہ رومیو اور 6 ماہ کا ایڈوارڈو شامل ہیں۔  

مزیدخبریں