اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔
سینیٹ کے انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی ہے۔ ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں جبکہ یہ واضح بھی نہیں کہ ویڈیو میں موجود افراد کون ہیں۔
اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد تحریک انصاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان پہنچی تھی تاہم اب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی میرٹ پر تحقیقات ہوں گی۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے دینے جانے والے اس بیان کی تردید کی ہے کہ الیکشن کمیشن میں کوئی افسر موجود نہ تھا۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی آر اینڈ آئی برانچ کھلی ہے اور متعلقہ افسران موجود ہیں۔ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کر رکھا ہے جب کہ مانیٹرنگ اور کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کا اپنی ووٹ ضائع کرنے سے متعلق ویڈیو پر موقف سامنے آیا اور انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا ، جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔