اسلام آباد: سینیٹ انتخابات سے پہلے وزیراعظم عمران خان کی ارکان قومی اسمبلی اور اتحادی جماعتوں سے ملاقاتیں جاری ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے علیحدہ ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور سینیٹ انتخابات پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ملاقات میں ہمارے جو تحفظات تھے اور معاہدے میں جو مطالبات تھے ان کی یاد دھانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے پہلے جیسی ملاقات تھی بہت اچھے ماحول میں ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ وزیراعظم سے ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنوں کی بازیابی اور دفاتر واپس کرنے کی بات کی ہے جبکہ کراچی کے ترقیاتی پیکج پر تیزی لانے کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم کے ساتھ ارکان اسمبلی کی ملاقاتوں میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے پیسہ اور لالچ کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے ۔ہمارے اراکین سے رابطے ہورہے ہیں مگر ہم متحد ہیں ۔میں اسی لیے شفاف انتخابات کےلیے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا۔ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی ترجیح عام آدمی اور پسماندہ علاقے ہیں ۔ عوامی نمائندوں کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی مسائل حل کریں گے ۔