فواد چوہدری نئی حکمت عملی کے تحت اپنی نئی نوکری ڈھونڈنا شروع کریں، مریم اورنگزیب

05:30 PM, 2 Mar, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئی حکمت عملی کے تحت اپنی نئی نوکری ڈھونڈنا شروع کریں۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگ زیب نے کہا کہ 24 گھنٹے پہلے شدید گھبراہٹ چوروں کے گھر جانے کی نوید سُنا رہی ہے جبکہ چئیرمین سینٹ اور ڈسکہ کے ووٹ چوروں کی چیخیں نکلنا شروع ہو گئی ہیں ۔ آٹا، چینی، بجلی، گیس ، دوا چور اور عوام کی جیب کاٹنے والے لٹیرے ووٹ کی طاقت سے گھبرا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے آج کے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کا اصلاحات اگلے انتخابات تک مؤخر کرنا حیران کن ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ بہرحال مختلف رائے دیتا ہے تاہم ہمارے لیے دونوں ادارے محترم ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن سینیٹ انتخابات کیلئے ایک ہاری ہوئی جنگ میں توانائیاں لگا رہی ہے اور 24 گھنٹوں بعد اپوزیشن کا رونا دھونا شروع ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ ا لیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے آئندہ سینیٹ انتخابات آئین و قانون میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق ماضی کی طرز پر ہی منعقد کیے جائیں گے۔ 

الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ وقت کی کمی کے باعث کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ای سی پی کا اجلاس ہوا جس میں اراکین جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی، جسٹس ارشاد قیصر، شاہ محمد جتوئی اور نثار احمد نے شرکت کی۔

بیان کے مطابق مذکورہ اجلاس یکم مارچ کو اسی روز ہوا جس دن سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر رائے دی۔

سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں کہا تھا کہ ایوان بالا کے انتخابات آئین کی دفعہ 226 کے تحت خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوں گے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے مختصر حکم نامے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس پر 'من و عن عمل' کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

مزیدخبریں