سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے ارکان آپس میں گتھم گتھا

سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے ارکان آپس میں گتھم گتھا

کراچی: سندھ اسمبلی میں ارکان کا شور شرابہ ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے ارکان آپس میں گتھم گتھا ہوگئے ۔ پی ٹی آئی ارکان نے تینوں منحرف ارکان کا گھیراؤ کرلیا جبکہ پیپلز پارٹی ارکان بیچ بچاؤ کراتے رہے ۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس ملتوی ہونے کے باجود ایوان میں گرما گرمی اور شور شرابہ رہا ، سندھ اسمبلی میں میز کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین پر انہوں نے تشدد کیا ہم ان کیخلاف ہم ایف آئی آر کٹوائیں گے ، ثابت ہوگیا زرداری مافیا چور ہے ، انہوں نے پیسے دے کر منحرف اراکین کو خریدا ہے ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں خرید و فروخت کرنے والوں کی بھرپور مذمت کرتا ہوں ، میرا دل چاہ رہا تھا انہیں بے نقاب کروں ، پیپلز پارٹی کے ارکان نے آج جو حرکت کی اس پر سندھ رو رہا ہے ۔ پاکستان کی تاریخ کا آج سیاہ دن ہے ۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی والوں نے اسلم ابڑو اور شہریار شر کو اغوا کر رکھا ہے ، کریم گبول کو بھی پیپلز پارٹی والوں نے اغوا کیا تھا ، انہوں نے کہا کہ برہان چانڈیو اور تیمور تالپور نے دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ، تشدد کا راستہ نہیں چھوڑا گیا تو ایف آئی آر درج کرائیں گے ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نااہل لوگ سندھ اسمبلی میں ہیں ، آج ثابت ہوگیا بلاول بھٹو بے نظیر کے بیٹے نہیں ، بلاول بھٹو کے جانشین نہیں ، آصف زرداری کے بیٹے ہیں ۔

 ( بشکریہ نئی بات )