اسلام آ باد: کورونا کے باعث جہاں ویڈیوکانفرنسنگ کے رجحان میں اضافہ ہو اہے وہاں ویڈیو کانفرنس پلیٹ فارمز کی آڑ میں صارفین کی معلومات چوری ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے، وفاقی حکومت نے صارفین کو ہیکرز کے حملوں سے بچانےکے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہیکرز زوم، زوہو، سلیک اور گوگل میٹ سمیت دیگر ویڈیوپلیٹ فارمز کے ذریعے صارفین کی معلومات تک رسائل حاصل کرسکتے ہیں۔
ویڈیو پلیٹ فارمز کی کمزور پاس ورڈ اور کمزورسیکورٹی سیٹنگز کا فائدہ اٹھاکر معلومات چراسکتے ہیں،ایڈوائزری میں سفارش کی گئی ہے کہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کسی بھی قسم کی کلاسیفائیڈ انفارمیشن شئیر نہ کی جائے اور ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم اور آپریشنل سسٹم کواپ ڈیٹڈ رکھاجائے۔
ایڈوائزری میں غیر تصدیق شدہ نیٹ ورک ٹریفک کو روکنے کیلئے فائروال کے استعمال کی بھی سفارش کی گئی ہے، صارفین سے ورچوئل میٹنگ رومز میں خودکار جواب کے آپشن کو بند کرنے اور ہرورچوئل میٹنگ روم کیلئے الگ الگ پن کوڈ بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔