افغان امن معاہدے پر نظرثانی،زلمے خلیل زاد کابل پہنچ گئے

افغان امن معاہدے پر نظرثانی،زلمے خلیل زاد کابل پہنچ گئے
کیپشن: افغان امن معاہدے پر نظرثانی،زلمے خلیل زاد کابل پہنچ گئے
سورس: File Photo

کابل :امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد جوبائیڈن انتظامیہ کی طرف سے افغان امن معاہدہ پرنظر ثانی کے فیصلے کے بعد قطر، اسلام آباد اور کابل کے اہم ترین سہ ملکی دورے کے دوران کابل پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی اور اورعبدﷲ عبدﷲ سے ملاقات کی اور امن عمل کے اگلے اقدامات پر تبادلہ خیال، کوششیں تیز کرنےپر زور دیا گیا۔


 افغان صدارتی محل سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ دونوں نے امن عمل کے اگلے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور کوششوں کو تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا، زلمے خلیل زادنے امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے ملکی اور بین الاقوامی سفارتکاری پر علاقائی اور بین الاقوامی اتفاق رائے کا مطالبہ کیا اور افغانستان میں امن برقرار رکھنے میں امریکہ کے موثر کردار کے عزم کا یقین دلایا،زلمے خلیل زاد نے وعدہ کیا کہ امریکہ افغانستان میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کیلئے کردار موثر انداز میں ادا کریگا ۔


 افغان مصالحتی کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر عبدﷲ عبدﷲ کے دفتر سے جاری بیان میں بھی تصدیق کی گئی ہے کہ زلمے خلیل زاد اور ڈاکٹر عبدﷲ عبدﷲ نے امن مذاکرات ، نئی امریکی انتظامیہ کی جانب سے دوحہ امن معاہدہ پر نظرثانی ، امن عمل میں تیزی ، تشدد میں کمی اور امن مذاکرات کو آگے بڑھانے اور افغانستان میں دیرپا امن کے حصول کے طریقوں، دوحہ میں افغانوں کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور پر تبادلہ خیال کیا۔


 امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ خلیل زاد اسلامی جمہوریہ اور افغان رہنماؤں ، طالبان کے نمائندوں اور علاقائی ممالک کیساتھ بات چیت کا دوبارہ آغاز کرینگے جن کے مفادات کو ایک منصفانہ اور پائیدار سیاسی تصفیہ اور مستقل اور جامع جنگ بندی کے حصول کے ذریعہ بہترین فائدہ پہنچا ہے۔