اسلام آباد: حکمران جماعت تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم پاکستان اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے سینیٹ انتخابات میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
حکومت کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے زبیدہ جلال کے گھر ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا کچ بریفنگ دیتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما و وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا تھا کہ متحدہ پاکستان پی ٹی آئی کی اتحادی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کا ایک وفد بھی دو روز پہلے بہادر آباد مرکز آیا تھا لیکن 22 اگست کے بعد سے یہ مختلف ایم کیو ایم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ وفاقی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ایم کیو ایم وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم نے کسی بھی معاملے پر وزارت کی بات نہیں کی بلکہ شہری ترقی کی بات کی۔
جی ڈی اے کی رہنما و وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے حکومت کی اتحادی جماعت ہے اور سینیٹ الیکشن بہت اہمیت رکھتا ہے جبکہ تمام اتحادی جماعتوں کی ملاقات ہوئی اور حکومت کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام آباد کی نشست سے تحریک انصاف کے امیدوار وزیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ ان کا خاندان 70 سال سے سیاست اور پبلک سروس میں ہے جبکہ ان کے والد بھٹو کے دور میں سینیئر وائس صدر تھے۔
حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے جس پر اپنی قیادت اور اتحادی جماعت کا مشکور ہوں جنہوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تین مارچ کو اتحادیوں کے ساتھ اکثریت حاصل کریں گے۔