انقرہ : ترک وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ترکی نے آپریشن سپرنگ شیلڈ کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے بشار الاسد کی فوج کے 2 ہزار 557 فوجیوں کو ٹھکانے لگادیا۔
ترک جرنیل ہلوسی اکار نے آپریشن کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جس طرح پلاننگ کی تھی اسی حساب سے شام میں آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، ترکی کی جانب سے اسد رجیم کے 2 طیارے، 2 ڈرون، 8 ہیلی کاپٹر ، 135 ٹینک اور 5 ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کیے گئے ہیں، کارروائیوں کے دوران اسد رجیم کے 2 ہزار 557 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ ضامن ملک کے طور پر روس اپنے وعدے پورے کرے گا اوراسد رجیم پر دباﺅ ڈالے گا کہ وہ سوچی معاہدے کے تحت اس علاقے سے نکل جائے اور کارروائیاں روکے۔ جنرل ہلوسی اکار نے بتایا کہ انقرہ اور ماسکو کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، ترکی نہیں چاہتا کہ وہ روس کے آمنے سامنے آئے، ہمارا مقصد اسد رجیم کو لوگوں کے قتل عام، نسل کشی اور لوگوں کو گھر چھوڑنے پر مجبور کرنے سے روکنا ہے۔