نیو یارک: ایشیا کے ملک چین سے پھوٹنے والا کورونا وائرس اس وقت تقریباً پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے جس کے سبب امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد دو ہو گئی جبکہ امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 89 ہو گئی ہے۔
امریکی طبی حکام کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ دو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ وائرس سے متاثر ہو کر موت کے منہ میں جانے والے دوسرے امریکی شخص کی عمر 70 سال تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا، واشنگٹن، الی نوائے، اوریگون، ایریزونا، نیویارک، میسا چیوسٹس میں کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
واضح ہے کہ رواں سال جنوری سے چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والا کورونا وائرس اب دنیا کے کئی ممالک میں پھیل چکا ہے، دنیا بھر میں اس وائرس سے 87 ہزار 694 افراد بیمار ہوئے۔
ان میں سے 42 ہزار 689 افراد صحت مند ہوگئے جبکہ کورونا سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 995 ہے۔
کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں چین سرفہرست جہاں اب تک 2 ہزار 870 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہزار 828 ہو گئی ہے۔ جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد21 ہے جبکہ3 ہزار 736 افراد بیمار ہیں۔