سمجھوتہ ایکسپریس کل سےبحال، لائن آف کنٹرول پر بدستور کشیدگی

07:36 PM, 2 Mar, 2019

لاہور :لاہور اور نئی دلی کے درمیان چلنے والے ٹرین سروس، سمجھوتہ ایکسپریس جو گزشتہ ہفتےبھارت  کی طرف سے پاکستان کے خلاف فضائی کارروائی کے بعد بند کر دی گئی تھی اتوار سے بحال کی جا رہی ہے۔

با کی سرکاری خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی نے بھارت  کے ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے حکام اس سروس کو فوری طور پر بحال کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔

 بحالی کے بعد پہلی ٹرین اتوار کو نئی دلی سے مسافروں کو لے لاہور کے لیے روانہ ہو گی جبکہ مارچ کی چار تاریخ بروز سوموار جوابی ٹرین لاہور سے نئی دلی جائے گی۔

گزشتہ ہفتے جنوب مشرقی ایشیا کے ان دو ہمسایہ ملکوں میں جنگ جیسی صورت حال پیدا ہو گئی تھی جو  بھارتی پائلٹ کی پاکستان سے رہائی کے بعد آہستہ آہستہ معمول پر آ رہی ہے لیکن دونوں ملکو ں کی افواج اب بھی 'ہائی الرٹ' ہیں۔

کشمیر کے متنازع علاقے میں لائن آف کنٹرول پر تعینات دونوں ملکوں کی فوج میں بدستور کشیدگی کی فضا برقرار ہے۔ لائن آف کنٹرول پر سرحد کے آر پار گولہ باری اور ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ ہفتے کو پاکستان کے فوجی حکام کے مطابق انڈین فوج کی فائرنگ میں اس کے دو جوان ہلاک ہو گئے ہیں۔

مزیدخبریں