اسلام آباد:سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے بھارتی پائلٹ ابھے نندن کی رہائی پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی پائلٹ کی رہائی کو حکومت کی جلد بازی قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک بھارت کشیدگی اور بھارتی پائلٹ کی حوالگی سے متعلق نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ افواج پاکستان بالخصوص پاک فضائیہ کی کارکردگی پر مکمل اطمینان ہے لیکن حکومتی پالیسی پر تحفظات ہیں۔
اس وقت چونکہ اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے تو اظہار خیال نہیں کروں گا۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ بھارت سے خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہئے اور نہ ہی عمران خان کو بار بار تقریر کرکے امن کی درخواستیں کرنے کی ضرورت ہے۔
بھارتی پائلٹ کی رہائی کے حوالے سے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پائلٹ کی واپسی پر جلد بازی کا مظاہرہ کیا گیا ، بھارتی میڈیا ، بھارتی ایجنسیز اور حکومت کی زبان بول رہا ہے جبکہ پاکستانی میڈیا نے آزاد ہونے کے باوجود موثر انداز سے پاکستان کے مفاد کا دفاع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں حقائق کو سامنے رکھنا چاہئے ،میں سمجھتا ہو ںاگر کوئی ملک کھڑا ہو سکتا ہے، وہ ترکی ہے چین بھی ہے اور بھی ممالک ہیں لیکن ترکی ہماری خواہش کے مطابق کھڑا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی جماعت ہندوستان کی ہے وہ پاکستان کے حق میں نہیں ہوسکتی، مودی ہندوستان میں بھی پسندیدہ لیڈر نہیں ہے ، ہندوستان میں پاکستان پر گالم گلوچ کرکے سیاست کی جاتی ہے۔ پاکستان کی فوج نے جنگی تیاری بہتر انداز سے کر رکھی ہے، نفسیاتی اور سیاسی جنگ کے لیے ہم تیار نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ چودھری نثار علی خان کافی حد تک سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں لیکن ملکی حالات پراکثر تبادلہ خیال کرتے رہتے ہیں۔