اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف سازشیں ایک ایک کر کے ناکام ہو رہی ہیں جب کہ چوہدری نثار کی پارٹی سے علیحدگی میں کوئی صداقت نہیں۔
وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ایک اور سنگ میل عبور کر رہا ہے کیونکہ سینیٹ الیکشن ہو رہے ہیں، پارلیمنٹ کی مدت پوری ہو گی, ہم مقررہ وقت پر انتخابات کروانے کی طرف بڑھ رہے ہیں, یہ چیزیں پاکستان کو ایک مضبوط مستحکم جمہوری ملک بنانے کی نشانی ہے, اس سے پاکستان کی بین الاقومی سطح پر ساکھ بہتر اور معیشت پر اچھے اثرات ہوں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد کئی قوتوں کا گمان تھا کہ مسلم لیگ(ن) منتشر ہو جائے گی اور (ن) لیگ کی مقبولیت میں کمی آئے گی لیکن ہمارے خلاف فیصلوں سے (ن) لیگ کا گراف بڑھ رہا ہے۔
چوہدری نثار کی پارٹی سے راہیں جدا کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چوہدری نثار مسلم لیگ (ن) کے سینئر رکن ہیں ان کی پارٹی سے علیحدگی میں کوئی صداقت نہیں۔