لاہور: امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی پاکستان کا گھیراؤ کر رہے ہیں۔ بلوچستان کو خاص طور پردہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انڈیا امریکہ کی شہ پر کنٹرول لائن پر فائرنگ جیسی مذموم حرکتیں کر رہا ہے۔سی پیک منصوبہ اور ایٹمی پروگرام دشمن قوتوں کو برداشت نہیں ہو رہا۔ امریکی سرپرستی میں بھارت نے پاکستان کی جانب میلی نگاہ ڈالی تو منہ توڑ جواب ملے گا۔ بھارتی و امریکی خوشنودی کیلئے جماعۃالدعوۃ کے تعلیمی ادارے، ہسپتال، ایمبولینسیں اور ڈسپنسریاں قبضہ میں لی گئیں۔
جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے کہاکہ بھارت ، امریکہ اور ان کے اتحادی مشرق و مغرب سے پاکستان کیلئے خطرات کھڑے کر رہے ہیں۔وہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک کو اپنے لئے بہت بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔جس طرح کفار نے مدینہ کا محاصرہ کر کے چاروں اطراف سے سازشیں کیں اسی طرح آج پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کر کے نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
حافظ محمد سعید نے کہاکہ حکمرانوں نے بھارت و امریکہ کے دباؤ پر جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ہسپتال، ڈسپنسریاں، ایمبولینسیں، تعلیمی ادارے اور دیگر اثاثے قبضہ میں لئے۔ حکومتی ذمہ داران عدالتوں میں یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان میں جماعۃالدعوۃ کے کسی رکن پر کوئی جرم ثابت نہیں ہے ۔حقیقت یہ ہے کہ بیرونی قوتوں کے دباؤ پر جماعۃالدعوۃ کے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں ایڈمنسٹریٹر بٹھائے گئے اور رفاہی و فلاحی سرگرمیوں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔حکمران اسے اپنی مجبوری بنا کر پیش نہ کریں بلکہ ملکی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے جرأتمندانہ پالیسیاں ترتیب دی جائیں۔
انہوں نے کہاکہ چاہ بہار بندرگاہ بھارت کو دے دی گئی ہے۔ افغانستان میں بھی انڈیا بیٹھ کر پاکستان کیخلاف سازشیں کر رہا ہے اور افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو میدان جنگ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سورۃ احزاب کا مطالعہ کریں اور اس دور کا آج کے حالات سے موازنہ کریں‘ انہیں پتہ چلے گا کہ ہم نے اپنے ملکوں کی حفاظت کیسے کرنی ہے؟ ہمیں مایوسیاں نہیں پھیلانیں بلکہ مسلمانوں کو حوصلے دے کر کفار کے مقابلہ کیلئے میدانوں میں کھڑا کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ بہت بڑے ا متحان اور آزمائشوں کا دورہے۔ کامیابیاں انہیں ملیں گی جو اللہ کے احکامات پر عمل پیرا ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ حالات کو تبدیل کرے گا اور بھارت، امریکہ اور اتحادیوں کی پاکستان کیخلاف سب سازشیں ان شاء اللہ جلد ناکام ہو جائیں گی۔