پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے سینیٹ الیکشن کو رکن خیبرپختونخوا اسمبلی بلدیو کمار کے حلف سے مشروط کر دیا۔ عدالت نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو خبردار کیا کہ اگر بلدیو کمار سے حلف نہ لیا گیا تو سینیٹ الیکشن پر حکم امتناع جاری کیا جائے گا۔ عدالت عالیہ نے بلدیو کمار کے حلف سے متعلق ایڈووکیٹ جنرل سے بھی جواب طلب کر لیا۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کچھ دیر قبل بلدیو کمار کے حلف اٹھانے کے معاملے پر احتجاج کے باعث اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی ایک اور اہم وکٹ گرا دی
گزشتہ روز اسپیکر کے پروڈکشن آرڈر پر خیبرپختونخوا اسمبلی لایا گیا جہاں انہیں اپنی رکنیت کا حلف لینا تھا۔ تاہم ان کی آمد پر اپوزیشن اراکین نے شدید ہنگامہ آرائی کی جب کہ اس دوران پی ٹی آئی کے ہی رکن ارباب جہانداد نے ان پر جوتوں سے حملہ کر دیا جس کے باعث بدنظمی پیدا ہونے پر بلدیو کمار سے حلف نہ لیا جا سکا۔
ادھر الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لئے انتظامات حتمی مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سینیٹرز کے انتخاب کے لیے پولنگ چاروں متعقلہ صوبائی اسمبلیوں میں جبکہ اسلام آباد اور فاٹا کی نشستوں کے لیے پولنگ قومی اسمبلی میں ہو گی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات میں مجھے پیسوں کی پیشکش ہوئی :عمران خان
یاد رہے تحریک انصاف کے اقلیتی نشست پر منتخب رکن اسمبلی سورن سنگھ کو 22 اپریل 2016 کو ان کے آبائی ضلع بونیر میں موٹر سائیکل سواروں نے قتل کر دیا تھا جس کے بعد پولیس نے جن ملزمان کو گرفتار کیا انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے یہ کام بلدیو کمار کے کہنے پر کیا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں