ٹورانٹو : کینیڈین کمپنی بلیک بیری نے سپین میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانگریس میں اپنا نیا سمارٹ فون ”بلیک بیری کی ون“ کے نام سے متعارف کروایا ہے۔
جس کی تعارفی قیمت تقریباً ساڑھے 57 ہزار پاکستانی روپے (549ڈالر) ہے۔ قبل ازیں اس سمارٹ فون کا کوڈ نام مرکری رکھا گیا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا فون جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے اوراسے اپریل میں عالمی سطح پر فروخت کیلئے پیش کیا جائیگا۔ یہ فون چینی کمپنی ٹی سی ایل کے ساتھ تعاون کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔
المونیم فریم سے مزین اور پچھلے حصے میں ہلکے نقش رکھنے والے نئے بلیک بیری اسمارٹ فون کو پائیداری میں بہترین بنانے کے ساتھ ساتھ آنکھوں کو بھلا نظر آنے کی خوبی کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ 4.5انچ ڈسپلے کے ساتھ کورننگ گوریلا گلاس 4 کا حامل یہ فون بہترین اثر انگیزی اور اسکریچ سے پاک رہنے کی خصوصیت کے ساتھ کی ون فزیکل کی بورڈ کے ساتھ ٹچ ڈسپلے کو یکجا کرتا ہے جس سے ٹائپنگ کے لیے 5.5 انچ والے مکمل ٹچ اسکرین اسمارٹ فون کے مقابلے میں زیادہ بہتر جگہ حاصل ہوتی ہے۔