فاٹا بنے گا خیبر پختونخواہ، وفاقی کابینہ نے منظوری دیدی

02:15 PM, 2 Mar, 2017

اسلام آباد: فاٹا کے حوالے سے اہم اور بڑا فیصلہ۔ قبائلی علاقہ جات کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ وفاقی کابینہ کا فاٹا کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، وفاقی سیکریٹری فاٹا اور سر تاج عزیز نے بریفنگ دی۔ وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات کے حوالے سے سفارشات کی منظوری دیدی۔ جس  کے مطابق فاٹا کو خیبر پختونخواکا حصہ بنانے کی سفارش کی گئی اور کہا گیا کہ فاٹا کو کے پی میں شامل کرنے کے لیے پانچ سال کاعرصہ درکار ہوگا۔

اس کے علاوہ فاٹا میں ڈیویلپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے جبکہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ دس سال کا منصوبہ تیار کر کے فاٹا کی ترقی کا عمل شروع کیا جائے۔ سفارشات میں فاٹا میں ایف سی آر قوانین کا خاتمہ کرنے کے لیے آئینی اصلاحات کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

منظور کی جانے والی سفارشات کے مطابق فاٹا سے فوج کے انخلا کے لیے لیویز میں 20 ہزار مقامی افراد بھرتی کیے جائیں۔ فاٹا کی معاشی ترقی کے لیے جامع اصلاحات کی جائیں جبکہ این ایف سی میں فاٹا کا تین فیصد حصہ مختص کیا جائے۔ وفاقی کابینہ نے فاٹا میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے بینچز قائم کرنے کی بھی سفارش منظور کر لی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعصب سے بالاتر ہو کر فاٹا کو ملک کو ترقی کے ثمرات میں شریک کیا جائے۔ قومی وسائل پر فاٹا، کشمیر، گلگت بلتستان کا یکساں حق ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں