لندن:اوبر نے اپنے ڈرائیوروں کے لیئے نئی شرط رکھ دی ہے ۔جس کے بعد ہزاروں ڈرائیوروں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہاہے ۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے ڈرائیورز کے لیے انگریزی پڑھنے اور لکھنے کی شرط عائد کیے جانے کے بعد خدشہ ہے کہ لندن میں اوبر کے ہزاروں ڈرائیورز لائسنس سے محروم ہوجائیں گے۔
موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے سفری سہولتیں فراہم کرنے والی امریکی کمپنی اوبر کا کہنا ہے کہ سرکاری ادارے ٹرانسپورٹ فار لندن نے ڈرائیورز کے لیے انگریزی پڑھنے اور لکھنے کی شرط عائد کی ہے جس کے بعد یہ خدشہ ہے کہ ہزاروں ڈرائیورز لائسنس سے محروم ہوسکتے ہیں۔
اوبر نے اس حکومتی فیصلے کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرانسپورٹ فار لندن کا موقف ہے کہ ڈرائیورز کو یہ بات ثابت کرنی ہوگی کہ وہ انگریزی میں بات چیت کرسکتے ہیں اور انگریزی پڑھنے اور لکھنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس حوالے سے اوبر کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ فار لندن کی جانب سے طے کردہ شرائط بہت ہی سخت ہیں۔
اوبر کے وکیل تھامس ڈی لا مارے نے لندن ہائی کورٹ میں موقف اپنایا کہ حکومت کے اس اقدام سے سیکڑوں افراد روزگار سے محروم ہوسکتے ہیں۔
اوبر کے وکیل نے بتایا کہ لندن میں ایک لاکھ 10 ہزار کے قریب ڈرائیورز اوبر کے لیے کام کررہے ہیں اور ممکن ہے کہ ان میں سے تقریباً 33 ہزار ڈرائیورز لائسنس کی تجدید کے دوران لیے جانے والے انگریزی کے ٹیسٹ میں فیل ہوجائیں۔
ادھر ٹرانسپورٹ فار لندن کا کہنا ہے کہ عوام کے تحفظ کے لیے یہ ضروری ہے کہ ڈرائیورز ایک خاص حد تک انگریزی سے واقف ہوں۔