نئی دہلی :بھارتی ریاست منی پور میں نسلی تصادم شدت اختیار کرگئے ہیں۔ نسلی تصادم میں شدت کی وجہ سے عوام کی بڑی تعداد نے ہندوستان سے علیحدگی کا مطالبہ کردیاہے۔
ریاست منی پور میں 10 ہزار فوجی تعینات ہونے کے باوجود کشیدہ صورتحال پر قابو نہیں پایا جا سکا اور اب تک 70 سے زائد افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی اور 30 ہزار بے گھر ہو چکے ہیں۔مودی سرکار نے 30 لاکھ آبادی والی ریاست منی پور میں انٹرنیٹ سروسز 5 دنوں تک معطل کرکے دفعہ 144 نافذ کی ہوئی ہے۔
گزشتہ ماہ سے جاری کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب 28 مئی 2023 کی رات مودی سرکار کی ایما پر شرپسندوں نے منی پور کے 5 علاقوں پر حملہ کیا۔ جس میں ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہوگئے۔
اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی نے بی جے پی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ اس نسلی بحران کو حل کرنے کے بجائے خطے میں جنگ کے خطرات بڑھانے کی سازش کر رہی ہے۔اسی طرح کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے الزام لگایا یہ پر تشدد واقعات لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی پالیسی کا نتیجہ ہے۔