اسلام آباد: اسد عمر نے کہا کہ پورے ایشیا میں سب سے زیادہ مہنگائی کی شرح پاکستان میں ہے۔ وہ جو صاحب کپڑے بیچ کر مہنگائی ختم کرنے نکلے تھے، وہ کہاں ہیں؟
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ مئی میں افراط زر 75 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ پورے ایشیا میں سب سے زیادہ مہنگائی کی شرح اب پاکستان کی ہے۔ مہنگائی میں تو ہم نے سری لنکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد اور بھارت میں صرف 4 اعشاریہ 7 فیصد ہے۔ اب بتائیں وہ جو صاحب کپڑے بیچ کر مہنگائی ختم کرنے نکلے تھے، وہ کہاں ہیں؟
سابق وفاقی وزیر نے زیر حراست لوگوں کے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ وکلاء ٹیم کی انتھک محنت سے ہزاروں ورکرز کی رہائی ممکن ہوئی ہے لیکن ابھی بھی بڑی تعداد میں بے گناہ لوگ زیر حراست ہیں۔
اسد عمر نے وفاق کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان بے گناہ لوگوں کو بند رکھنے پر محنت کرنے کے بجائے حکومت کو اپنا وقت عوام کو سخت ترین معاشی تکلیف سے نکالنے پر لگانا چاہیے۔