خیبر پختونخوا پولیس مراد سعید کی گرفتاری کے لیے سرگرم

خیبر پختونخوا پولیس مراد سعید کی گرفتاری کے لیے سرگرم
سورس: File

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کو گرفتار کرنے کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید خیبر پختونخوا اور پنجاب پولیس کو مطلوب ہیں لیکن وہ تاحال پولیس کی پہنچ سے بچے ہوئے ہیں اور نامعلوم مقام پرروپوش ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق سوات میں مراد سعید کے گھر پر رات گئے چھاپہ مارا گیا تاہم مراد  سعید گھر پر موجود نہیں تھے۔ بٹ خیلہ اور باجوڑ میں بھی مراد سعید کی موجودگی کی اطلاعات پرچھاپے مارے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے پنجاب یا اسلام آباد میں بھی مراد سعید کی موجودگی کی اطلاعات نہیں ہیں۔

اس سے قبل پولیس مراد سعید کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر سمیت مختلف جگہوں پر چھاپے مار چکی ہے لیکن اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مراد سعیدپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قریب ہیں اور بہت ساری چیزوں کا حصہ ہیں۔ صحافی ارشد شریف قتل کیس میں بھی مراد سعید کا بڑا اہم کردار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مراد سعید کے پاس ارشد شریف کا لیپ ٹاپ موجود ہے۔

مصنف کے بارے میں