اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے حکومت کی جانب سے حج پر سبسڈی کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے حج سبسڈی سے متعلق خبروں کے بعد اسلامی نظریاتی کونسل سے حج سبسڈی بارے استفسار کیا تھا جس پر اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ یہ عمل حجاج کے صاحب استطاعت ہونے کے منافی نہیں، سبسڈی بلا تفریق دی جائے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ چاہے حج سرکاری ہو یا پرائیویٹ سبسڈی بلا تفریق دی جائے، حکومت زکوة کی رقوم سے سبسڈی دینے سے احتیاط برتے تو زیادہ بہتر ہے۔
دوسری جانب سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عازمین حجاج کیلئے کورونا وائرس ٹیسٹ سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن میں تبدیلی کر دی ہے اور اس حوالے سے نیا ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت حج کیلئے آنے والے افراد کا سعودی عرب روانہ ہونے سے 72گھنٹے قبل ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل 48گھنٹے قبل کورونا وائرس ٹیسٹ کی شرط رکھی گئی تھی۔
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کورونا سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کرنے پر سعودی وزارت صحت کے قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔