پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے 12 معاہدوں پر دستخط 

10:31 PM, 2 Jun, 2021

اسلام آباد: پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے 12 معاہدوں پر دستخط کر دئیے گئے ہیں جن میں انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ، دونوں ملکوں کے تعلیمی اداروں اور تاجر تنظیموں کے درمیان معاہدہ بھی شامل ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر تاجک صدر امام علی رحمان پاکستان کے دورہ پر پہنچے اور وزیراعظم ہاؤس آمد پر معزز مہمان کوگارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے۔
وزیراعظم اور تاجک صدر کی ملاقات میں دو طرفہ تعاون، خطے اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو سٹریٹجک تعاون اور نئی سطح پر بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مختلف فورمز اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او پر دو طرفہ تعلقات پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ملاقات میں کورونا کی تیسری لہر اور انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید تشویش کا اظہار بھی کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے ڈبلیو ایچ او کے ذریعے ویکسین کا تمام ممالک کو پہنچانے پر زور دیا۔ وفود کی سطح پر مزاکرات میں دونوں ممالک کا معاشی تعلقات بڑھانے پر زور دیا گیا۔ 
اعلامیہ کے مطابق تاجک صدر نے وزیر اعظم عمران خان کو ایس سی او سمٹ میں شرکت کی دعوت دی جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کی مضبوطی کی پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا۔ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے 12 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ 
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ، دونوں ملکوں کے تعلیمی اداروں اور تاجر تنظیموں کے درمیان معاہدہ کیا گیا جبکہ پاکستان اور تاجکستان میں کرپشن کی روک تھام میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔

مزیدخبریں