راولپنڈی: جنوبی وزیرستان کے علاقے کنی گرام میں چیک پوسٹ کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے جوان لانس نائیک وقاص احمد شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو تقویت دیتی ہیں۔
خیال رہے گزشتہ روز کوئٹہ اور تربت میں ایف سی پر دہشت گردوں کے حملوں میں 4 جوان شہید، 8 زخمی ہو گئے تھے، جوابی فائرنگ میں پانچ دہشت گرد مارے گئے اور 8 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے قریب پیر اسماعیل زیارت میں ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا تھا ۔ ایف سی اہلکاروں اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پانچ دہشت گرد مارے گئے جبکہ آٹھ زخمی ہوئے۔
دہشت گردوں کے حملے میں چیک پوسٹ پر مامور چار جوان شہید اورچھ زخمی ہوئے۔ دوسرے حملے میں تربت میں ایف سی کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا جس میں 2 اہلکار زخمی ہوئے۔