خیبرپختونخواہ میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 12 جولائی سے لینے کا فیصلہ

09:28 PM, 2 Jun, 2021

پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ میں 10 ویں اور 12 ویں جماعت کے سالانہ امتحانات 12 جولائی سے لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس مرتبہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلباءسے صرف اختیاری مضامین کے امتحانات لئے جائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے اعلان کیا کہ 10اور 12 ویں جماعت کے سالانہ امتحانات 12 جولائی سے شروع ہوں گے۔ شہرام ترکئی کے مطابق میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات صرف اختیاری مضامین میں ہوں گے جبکہ میٹرک میں اختیاری مضامین کے ساتھ ریاضی کا پرچہ بھی دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو صرف پرچے دینے ہوں گے،پریکٹیکل امتحان نہیں ہوگا، گریڈ 10، گریڈ 12 کے امتحانات کے بعد گریڈ 9 اور گریڈ 11 کے امتحانات ہوں گے اور طلبہ کو بہت جلد ڈیٹ شیٹ فراہم کی جائے گی۔اس کے علاوہ صوبے کے سکول اور کالج گریڈ9 ،گریڈ 11 کے امتحان کی تیاری کیلئے کل سے کھلیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال امتحانات لازمی ہوں گے جبکہ 9ویں اور 10 ویں کے صرف اختیاری مضامین کے پیپر لئے جائیں گے۔
بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شفقت محمود کا کہنا تھاکہ وزرائے تعلیم کانفرنس میں تمام فیصلے متفقہ طور پر ہوئے ہیں، تعلیمی ادارے بند کرنا کسی حکومت کیلئے آسان نہیں اور اس ضمن میں سب صوبوں کی مشاورت سے فیصلے کئے جبکہ وبا کی صورت میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ آسان نہیں ہوتا۔
وزیرتعلیم نے اعلان کیا کہ 9 ویں اور 10 ویں کا صرف اختیاری مضامین اور ریاضی میں امتحان لیا جائے گا یعنی نویں اور دسویں کے صرف چار مضامین کے امتحانات ہوں گے جبکہ 11 ویں اور 12 ویں کے صرف اختیاری مضامین کے امتحانات لئے جائیں گے۔ 
انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانات اب 24 جون کے بجائے 10 جولائی سے ہوں جبکہ پہلے انٹر اور پھر میٹرک کے پیپر ہوں گے، بورڈز کو پرچوں میں وقفہ رکھنے کا بھی کہا ہے تاکہ بچوں کو تیاری کا مناسب وقت مل سکے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 10 ویں اور بارہویں جماعتوں کیلئے سکول کھول دئیے گئے تھے۔ 

مزیدخبریں