اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام سے جمعہ کے اجتماعات کے دوران کورونا ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کرنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں علما ومشائخ کے اجلاس سے خطاب کے دوران صدر نے کہا کہ ماہرین صحت وبا کی روک تھام کیلئے ویکسین پر زور دے رہے ہیں، جمعہ کے اجتماعات میں کورونا ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کی جائے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علماءنے بھی ملک میں رجسٹر کی گئی ویکسین اور ان کے اجزائے ترکیبی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ اس موقع پر انہوں نے جمعہ کے خطبات پر بھی وضاحت کی اور کہ حکومت کا کوئی ارادہ نہیں جس کے ذریعے منتخب خطبات کو لازمی قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اور اب تک لاکھوں افراد ویکسین لگوا چکے ہیں جبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کہہ چکے ہیں کہ حکومت عیدالاضحی سے پہلے ویکسین لگانے کا ہدف پورا کرنا چاہتی ہے تاکہ مزید پابندیاں لگانے کی نوبت نہ آئے۔