اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کو بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے 10 دن کی مہلت دے دی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر حماد اظہر نے یہ مہلت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی۔ اجلاس شہر قائد میں بجلی کے مسائل کے حل کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق منعقدہ اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیرحماداظہر، وفاقی سیکریٹری توانائی اور وفاقی سیکریٹری خزانہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کو درپیش مسائل حل کردیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ کراچی کے شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے الیکٹرک کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے اجلاس میں کے الیکٹرک کو 400 میگا واٹ سے زائد بجلی فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا لیکن ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دی کہ کے الیکٹرک کراچی میں بجلی کے مسائل آئندہ 10 روز میں لازمی حل کرے۔