اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فائزر کمپنی کی ویکسین سب سے پہلے عازمین حج کو لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور جلد ہی اس حوالے سے تفصیلات بھی جاری کر دی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق فائزر کورونا ویکسین کی ایک لاکھ ڈوز کچھ روز پاکستان پہنچائی گئی تھی تاہم اب تک اسے عوام کو لگانے کا فیصلہ نہیں ہو سکا لیکن اب حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ یہ ویکسین سب سے پہلے رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین حج کو لگائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین کی دوسری کھیپ جولائی سے اگست تک پاکستان پہنچنے کا امکان ہے اور دوسری کھیپ آنے کے بعد ہی اسے عوام کو لگایا جائے گا اور ان میں بھی بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔
دوسری جانب فائزر ویکسین کی سٹوریج کیلئے 23 الٹرا کولڈ چین فریزر خرید لئے گئے ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر لگائی جائے گی۔