راولپنڈی: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے مستفید ہو سکیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کی وجہ سے تقریباً دو ہزار خواتین کاروباری سرگرمیوں میں شامل ہوئی ہیں اور اس پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو ڈیڑھ ارب روپے کے قرضے دیئے گئے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اس سکیم کے تحت نوجوانوں کو رعایتی قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں اور اب کامیاب جوان پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں اور کامیاب جوان پروگرام بھی اس کی ایک عمدہ مثال ہے۔