اداکار رفیع خاور المعروف ننھا کی 35 ویں برسی

06:37 PM, 2 Jun, 2021

لاہور، پاکستان کے معروف اداکار ننھا کو مداحوں سے بچھڑے 35 برس بیت گئے ۔ اداکار ننھا نے  2 جون 1986ء کوخود کو گولی مارکر زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا ۔

اداکار ننھا  کا اصل نام رفیع خاور تھا۔ وہ 1942ء میں ساہیوال میں پیدا ہوئے ۔معصوم چہرہ اور برجستہ گفتگو اداکار ننھا کے فن کا خاصہ تھی  ۔ فنی کیرئیر کا آغاز پاکستان ٹیلی ویژن سے  معروف رائٹر اور اداکار کمال احمد رضوی کے پہلے ڈرامہ سیریل" آؤ نوکری کریں" سے کیا ۔ 

پاکستان ٹیلی ویژن پر اداکار ننھا کے کام کو بے حد پسند کیا گیا ۔ 

پی ٹی وی پر ہی کمال احمد رضوی کی ڈرامہ سیریل " الف نون " کے ذریعے ان کو ہر گھر میں پسند کیا جانے لگا ۔  الف نون میں اداکار کمال احمد رضوی اورننھا دونوں کا ایکشن ری ایکشن آج بھی مداحوں کو یاد ہے ۔ 

الف نون میں  ننّھا کی شخصیت اور ان کی بھولی بھالی صورت کے مطابق ان کا کردار بھی ایک نہایت سادہ اور ایسے انسان کا تھا جو مکروفریب اور دھوکا دہی سے دور رہنا چاہتا تھا۔ 

اداکار ننھا کو  شباب کیرانوی نے اپنی فلم وطن کا سپاہی میں مزاحیہ اداکار کے طور پر کاسٹ کرلیا ۔ ننھا کے لئے فلم انڈسٹری کے دروازے کھل گئے اور اگلی دودہائیوں تک وہ فلم انڈسٹری کا لازم جزو سمجھے جانے لگے ۔ 

اداکار رفیع خاور نے کیرئیر میں اردو پنجابی اور پشتو زبانوں میں بننے والی  391 فلموں میں اداکاری کی ۔

بے ساختہ اداکاری اور مخصوص انداز میں مکالموں کی ادائیگی سے سب کے چہروں پر ہنسی سجانے والا ننھا  اپنے دل کے ہاتھوں مجبور ہوگئے اور خود کشی کرکے زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔ 

ان کی موت کی وجہ  اداکارہ نازلی سے عشق میں ناکامی بتائی جاتی ہے ۔ 

اداکار ننّھا کو علامہ اقبال ٹاؤن، لاہور کے قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا لیکن ان کا فن آج بھی ان کی یاد دلاتا ہے ۔ 

مزیدخبریں