پاک بحریہ میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے، نیول چیف

پاک بحریہ میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے، نیول چیف
کیپشن: پاک بحریہ میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے، نیول چیف
سورس: فائل فوٹو

کوئٹہ:  پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ کوئی فورس آج کے جنگی ماحول میں تن تنہا کامیاب نہیں ہو سکتی، پاک بحریہ میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔ نیول چیف نے اس موقع پر کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مسلح افواج کے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

شرکا سے خطاب میں انہوں نے زور دیا کہ افسران درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے خود کو جدید رجحانات سے روشناس کرائیں اور سیکیورٹی کے پیچیدہ حالات سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ جدید ملٹری آپریشن کے نظریے میں اشتراکیت مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ کوئی فورس آج کے جنگی ماحول میں تن تنہا کامیاب نہیں ہو سکتی، اس کے لئے پاک بحریہ کو پاک آرمی اور پاک فضائیہ کی موثر حمایت حاصل ہے۔

نیول چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہروقت تیار ہے۔

انہوں نے نے فیکلٹی اور سٹوڈنٹس سے تبادلہ خیال بھی کیا جبکہ کورس کے غیر ملکی شرکا سے بھی بات چیت کی۔