یوگنڈا،گاڑی پر فائرنگ، سابق آرمی چیف کی بیٹی ہلاک

12:48 PM, 2 Jun, 2021

یوگنڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے حملہ کرکے ان کی بیٹی اور ڈرائیور کو ہلاک کر دیا ہے۔

حملہ مشرقی افریقی ملک یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں کیا گیا، جب جنرل کُٹمبا وامالا اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے، اس وقت چار افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ وزیر کُٹمبا وامالا ملکی فوج کے سابق کمانڈر ہیں۔یوگنڈا فوج کی ترجمان بریگیڈیئر فلاویہ بائیکاوسو نے میڈیا کو بتایا کہ حملے میں وزیر ٹرانسپورٹ کو ایک گولی لگی ہے اور انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں مقامی رہائشی بھی زخمی ہوئے ہیں۔یوگنڈا کے صدر یوویری موسیوینی نے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسے مجرم ہیں جو زندگی کی قدرو قیمت نہیں جانتے، انہوں نے مزید بتایا کہ سیکورٹی اہلکاروں کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں جلد اصل ذمہ داروں تک پہنچ کر انہیں سزا دیں گے۔

سوشل میڈیا پر حملے کے بعد کی ایک تصویر گردش کر رہی ہے جس میں یوگنڈا کے وزیر کٹمبا حملے میں تباہ ہونے والی گاڑی کے باہر پریشان اور زخمی حالت میں کھڑے ہیں۔

مزیدخبریں