سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھارتی فورسز نے 14 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ میں ایک اور کشمیری کو شہید کر دیا جس کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 14 ہو گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع پلوامہ میں نوجوان کو سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا۔قابض بھارتی افواج نے ضلع پونچھ کے مندھر گاؤں سمیت اطراف کے دیگر علاقوں میں فوجی آپریشن کے دوران 10 نوجوانوں کو شہید کیا۔
قابض بھارتی افواج نے علاقے میں 28 مئی کو آپریشن شروع کیا تھا۔ اس ضمن میں بھارتی فوجی افسر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کو بتایا ہے کہ فوجی آپریشن تاحال جاری ہے جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس سے قبل وادی چنار میں قابض بھارتی افواج نے راجوری ڈسٹرکٹ کے علاقے نوشہرہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔ جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ (جے کے پی ایف ایل) کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے اپنے ایک بیان میں اے پی ایچ سی (اے جے کے) کے رہنما عبدالمجید میر کی رہائش گاہ پہ مارے جانے والے چھاپے کی شدید مذمت کی ہے۔قابض فورسز نے کریم آباد پلوامہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران عبدالمجید میر کے بھائی عبدالکبیر میراوران کے دو صاحبزادوں کو بدترین جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ زخمی ہو گئے۔