کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی اور دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کیلیے پی سی بی متحرک

11:10 AM, 2 Jun, 2020

لاہور: ملک میں کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی اور دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) متحرک ہو گیا ہے اور اس ضمن میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو وائرس فری بنانے کے پلان آف ایکشن پر کام تیز ہوگیا ہے۔

دورہ انگلینڈ کے لیے حامی بھرنے کے بعد کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے لیے سازگار اور کورونا سے پاک ماحول فراہم کرنا پی سی بی کے  لیے چیلنج بن گیا ہے۔

نیشنل  کرکٹ اکیڈمی کو کھلاڑیوں  کے  لیے کورونا سے پاک بنانے کے لیے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی، اس مقصد کے لیے ڈاکٹر سہیل کی سربراہی میں کمیٹی نے سرجوڑ لیے جس میں ذاکر خان  اور مصباح الحق ان کی معاونت کر رہے ہیں۔اس ضمن میں ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو مرحلہ وار بلانے کے لیے کام جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ بلانے کا فیصلہ بھی جون کے  وسط میں ہوگا تاہم تمام  سرگرمیاں حکومتی اجازت سے مشروط ہوں گی۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس  سے دنیا بھرمیں کرکٹ کی  سرگرمیاں متاثر  ہوئی  ہیں، پی سی بی  ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور ایشیا کپ سمیت قومی ٹیم کی کسی بھی سیریز کے ملتوی یا منسوخ ہونے پرمتبادل آپشنز کو زیرغور رکھے  گا۔

مزیدخبریں