اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر کو اپنی بہن کی تقرری کے لیے قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) کو لکھا گیا خط واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے زرتاج گل کو ہدایت کی ہے کہ نیکٹا کو لکھا گیا خط واپس لیں۔
نعیم الحق نے مزید لکھا کہ زرتاج گل وزیر نے اپنی بہن کی تقرری کے لیے نیکٹا کو خط لکھا تھا، اس طرح کا اقدام پی ٹی آئی کے اصولوں کے خلاف ہے۔
انہوں نے لکھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اقربا پروری کی مخالفت کی ہے، پی ٹی آئی حکومت میں کوئی بھی شخص اپنے عہدوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنے رشتہ داروں، دوستوں کو نہیں نواز سکتا۔
گزشتہ روز اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ زرتاج گل وزیر کی اسسٹنٹ پروفیسر بہن شبنم گل کو ڈائریکٹر نیکٹا تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے خلاف سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا جب کہ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے زرتاج گل وزیر کی بہن کو ڈائریکٹر نیکٹا بنائے جانے کی حمایت کی تھی۔