لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے معروف اداکار حمزہ علی عباسی پر دھمکیاں دینے کا الزام لگایا ہے۔
عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے عام انتخابات سے قبل اپنی کتاب لانے کا فیصلہ کیا ہے جس پر انہیں پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ معروف اداکار حمزہ علی عباسی بھی پیچھے نہیں رہے اور انہوں نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ریحام خان کو خوب برا بھلا کہا۔
ریحام علی خان نے جواباً کہا کہ حمزہ علی عباسی نے کتاب شائع ہونے سے پہلے ہی اس کا مسودہ کیسے پڑھ لیا، یقینا انہوں نے یا تو کوئی فراڈ کیا یا پھر چوری کی , ریحام خان نے حمزہ علی عباسی پر دھمکیاں دینے کا الزام بھی لگایا۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ عباسی مجھے اگست 2017 سے دھمکی آمیز ای میلز کررہا ہے اور بدمعاش لوگ مجھے خاموش کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ریحام خان نے حمزہ علی عباسی کی ایک ای میل کا اسکرین شاٹ بھی ٹوئٹ کیا جس میں وہ مبینہ طور پر ریحام خان کو پی ٹی آئی کے خلاف کسی بھی اقدام سے باز رہنے کے لیے متنبہ کررہے ہیں۔