اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے بلوچستان اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کے ہنگامی اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے نامزدگی فارم سے متعلق فیصلے اور حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے سے متعلق فیصلوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کےبعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن اختر نذیر نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہےکہ 3 اور 4 جون کو کاغذات نامزدگی وصول نہیں کریں گے اہم ملک میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے، اس حوالے سے ریٹرننگ افسران کو تازہ ہدایات جاری کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیئے:عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن
انہوں نےکہا کہ حلقہ بندیوں اور کاغذات نامزدگی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ جارہے ہیں، اب عدالت کے تازہ فیصلے کے بعد ہی کمیشن کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ایڈیشنل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول میں دو سے تین دن کی گنجائش موجود ہے۔اختر نذیر نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے حالیہ ٹرانسفر اور پوسٹنگز کا نوٹس لیا ہے، سندھ میں الیکشن کمیشن کی اجازت کے بغیر سینئر افسر کی تعینات کی گئی، اس حوالے سے متعلقہ حکومتوں سے وضاحت طلب کی ہے اور کمیشن ایسی تمام تقرریوں اور تبادلوں کا جائزہ لے کر حتمی احکامات جاری کرےگا۔
ان کا کہنا تھاکہ کوئی بھی نگران حکومت یا اتھارٹی الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی اجازت کےبغیر کوئی ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کرسکتی۔