لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صوبے میں نگران وزیر اعلیٰ کے لیے 4 نام پیش کر دیئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن لاہور میں پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، رانا ثنااللہ اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال اور نگران وزیراعلیٰ سمیت آئندہ عام انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران شہباز شریف نے نواز شریف سے مشاورت کے بعد نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے 4 نام پیش کر دیئے ہیں جن میں پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل (ر) ذکاءاللہ، سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان، جسٹس (ر) سائر علی اور سابق آئی جی پنجاب طارق سلیم ڈوگر کا نام شامل ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمان نے حلف اٹھا لیا
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شہبازشریف نے کہا کہ جوم نام سامنے آئے ہیں وہ میڈیا کے ذریعے تحریک انصاف تک پہنچ جائیں گے۔ ان ناموں پر وہ سوچ بچار کر لیں ہم بھی ان کے ناموں پر سوچ بچار کر رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ ایک ہی میٹنگ میں نام فائنل ہو جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک سے دو روز میں شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کی ملاقات متوقع ہے جس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر بات کی جائے گی۔ اگر شہبازشریف اور محمود الرشید کے درمیان اتفاق نہ ہوا تو معالہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کا جنرل اسپتال کے پرنسپل کو ہٹانے کا حکم
واضح رہےکہ گزشتہ روز تحریک انصاف نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر اس وقت انتہائی کنفیوژن کا شکار نظر آئی جب محمود الرشید نے تین ناموں کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری نے مزید ایک نام اس میں شامل کر دیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں