پاکستان میں دہشتگردی کی وجہ سے کھیلوں کے میدان ویران ہوچکے ہیں، ریاض حسین پیرزادہ

08:55 PM, 2 Jun, 2017

اسلام آباد: وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کی وجہ سے کھیلوں کے میدان ویران ہوچکے ہیں ۔ موجودہ حکومت کھیلوں کے میدانوں کی رونقیں بحال کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھارہی ہے ۔ لاہور میں پاکستان سپرلیگ کے فائنل کا انعقاد صرف اس لیے ممکن ہوا کہ آرمی چیف اس کے پیچھے تھے ۔ آرمی چیف نے کھیل کے میدانوں کی بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان میں لیژرفٹ بال لیگس کی ٹرافی کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ پاکستان میں کھیل کے میدانوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کے جوانوں نے جتنا خون بہایا ہے اتنا خون 65اور 71کی جنگ میں بھی نہیں دینا پڑا۔ ملک میں کھیل کے میدان بحال ہورہے ہیں اور اس کا سہرا پاک فوج کے سر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جب سے میں وزیر بنا ہوں کھیلوں کی فیڈریشنز کے معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ۔ ملک میں کھیلوں کے خلاف سازش کے تحت اقدامات کئے گئے اور ہمارے بچوں کیلئے کھیلنے کیلئے میدان بھی نہیں ہے کیونکہ دہشتگردی کا خوف ہر طرف سے ہے لیکن موجودہ حکومت نے کھیلوں کی بحالی کیلئے بھر پور اقدامات کئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ جب پنجاب میں سات مرلہ سکیم کا اعلان کیا گیا تو ہم نے ہر سکیم کے اندر کھیل کے میدان کیلئے چار ایکڑ زمین مختص کی تھی ۔ پاکستان کی ہر گلی محلے میں بین الاقوامی فٹ بال کے کھلاڑیوں کے ہم پلہ کھلاڑی موجود ہیں ضرورت صرف ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں محمود ٹرنک والا اور ٹرنک والافیملی کو پاکستان میں لیئرز فٹ بال لیگس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں حکومت ان لیگزکے انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ آرمی چیف نے کھیلوں کی میدانوں کی بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے لاہو رمیں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا انعقاد صرف اس لیے ممکن ہوسکا کیونکہ اس کے پیچھے آرمی چیف تھے ۔ جارج بوٹنگ ، جیمس اینڈرسن ، نکولیس اینلکا، رابرٹ پائرز اور لوئس مورٹے کے بعد برازیلی لیچنڈ رابرٹو کارلوس بھی رونالڈو اینڈفرینڈز کی ٹیم کا حصہ بن گئے جو آئندہ ماہ جولائی کے پہلے ہفتے میں لیژر لیگس کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے ایک نمائشی میچ میں حصہ لے گی ۔

رابرٹو کارلوس کا شمار دنیائے فٹبال کی تاریخ کا عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جو برازیل کی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے ورلڈ کپ 2002کا ٹائٹل جیتا تھا یو کے کی سب سے بڑی ایمیچر فٹبال لیگس ، لیژر لیگس ، کمپنی آف ورلڈ گروپ (ٹرنک والا) پاکستان میں پُرجوش فٹبالرز کے لیے 5-6اینڈ 7سائیڈز کے فٹبال مقابلوں کا باقاعدہ اعلان کر چکی ہے جس کے مقابلے بیک وقت کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں جاری ہیں ٹرنک والا فیملی پاکستان کے دیگر ایریاز میں بھی ان مقابلوں کے انعقاد کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہے اور نوجوان فٹبالرز کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے جس کے باعث پاکستان میں با صلاحیت فٹبالرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع میسر آئے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
 
 

مزیدخبریں